جب ذکرِ الٰہی دل کا قرار بن جائے

آج کی مصروف زندگی میں ایک مومن بھی کبھی بے چینی اور پریشانی کا شکار ہو جاتا ہے۔ کبھی دل پر غم چھایا رہتا ہے اور کبھی دنیا کی ذمہ داریاں اتنی بڑھ جاتی ہیں کہ عبادت بھی سکون کے بجائے بوجھ محسوس ہونے لگتی ہے۔ گناہوں اور کوتاہیوں کی وجہ سے انسان یہ سمجھنے لگتا ہے کہ شاید وہ اللہ سے بہت دور ہو چکا ہے، حالانکہ توبہ اور اطاعت کے ذریعے اللہ کی طرف لوٹنے کا راستہ ہمیشہ کھلا ہے۔
قرآن ہمیں یہ نہیں بتاتا کہ زندگی میں کوئی پریشانی نہیں آئے گی، بلکہ یہ سکھاتا ہے کہ ان حالات میں دل کو سکون کیسے مل سکتا ہے۔ اس سکون کا ایک اہم ذریعہ اللہ کا ذکر ہے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے دل کے سکون کا ذریعہ واضح فرما دیا ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ذکر کرنے سے تمام مشکلات ختم ہو جاتی ہیں، بلکہ اللہ کے ذکر سے انسان کو مشکلات کے دوران بھی دل کا اطمینان ملتا ہے۔
دل کی بے چینی کے بارے میں قرآن کیا بتاتا ہے؟
جب انسان اللہ کے ذکر سے غافل ہونے لگتا ہے تو دنیا کی پریشانیاں اس کے دل پر زیادہ اثر انداز ہو سکتی ہیں۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
یہاں تنگ زندگی سے مراد صرف غربت یا مالی پریشانی نہیں۔ ممکن ہے کسی کے پاس دولت، عزت اور تمام آسائشیں موجود ہوں، مگر اس کے باوجود اس کا دل بے سکون ہو۔ مفسرین نے اس آیت کے تحت دنیاوی آسائشوں کے باوجود دل کی تنگی کا ذکر کیا ہے، جبکہ بعض اہلِ علم نے اسے موت کے بعد کے عذاب سے بھی متعلق قرار دیا ہے۔
اللہ کا ذکر: زندہ اور مردہ دل میں فرق
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
مَثَلُ الَّذِي يَذْكُرُ رَبَّهُ وَالَّذِي لَا يَذْكُرُ رَبَّهُ مَثَلُ الْحَيِّ وَالْمَيِّتِ
”اپنے رب کو یاد کرنے والے اور اپنے رب کو یاد نہ کرنے والے کی مثال زندہ اور مردہ جیسی ہے۔“
(صحیح البخاری: 6407)
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ کا ذکر دل کی زندگی کی علامت ہے۔ زندہ دل اللہ کی ہدایت قبول کرتا ہے، گناہ کے بعد توبہ کرتا ہے اور مشکلات میں ثابت قدم رہنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس کے برعکس ذکر سے غافل دل روحانی طور پر کمزور پڑ سکتا ہے۔
یوں اللہ کا ذکر صرف وقتی تسلی کا ذریعہ نہیں، بلکہ اللہ کے فضل سے دل میں نئی زندگی پیدا ہوتی ہے اور اسے اطمینان ملتا ہے۔
اللہ کو کثرت سے یاد کرنے کا حکم
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
سورۃ الرعد میں اللہ تعالیٰ نے بتایا کہ ذکر سے دلوں کو سکون ملتا ہے، جبکہ یہاں کثرت سے ذکر کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
کبھی کبھار ذکر کرنے سے بھی دل کو راحت ملتی ہے، لیکن جب اللہ کی یاد روزمرہ زندگی کا حصہ بن جائے تو دل میں ثابت قدمی پیدا ہوتی ہے۔ پھر انسان صرف پریشانی کے وقت نہیں بلکہ ہر حال میں اپنے رب کی طرف متوجہ رہتا ہے۔
دل کو سکون دینے والے اذکار اور دعائیں
درج ذیل اذکار ہمیں اللہ کی عظمت، اپنی محتاجی اور اس پر بھروسہ کرنے کی یاد دلاتے ہیں۔
۱) اللّٰهُ أَكْبَر
معنی: ”اللہ سب سے بڑا ہے۔
بعض اوقات ہم اپنی مشکلات کو اتنا بڑا سمجھنے لگتے ہیں کہ اللہ کی قدرت اور عظمت کو بھول جاتے ہیں۔ ’’اللہ اکبر‘‘ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کوئی پریشانی اللہ کی قدرت سے باہر نہیں۔
دل پر اثر: اللہ کے فضل سے خوف کی شدت کم ہوتی ہے اور انسان اپنی مشکلات کو بہتر انداز میں دیکھنے لگتا ہے۔
۲) سُبْحَانَ رَبِّيَ الْأَعْلَى
معنی: ”پاک ہے میرا پروردگار جو بلند ترہے / میں پاکی بیان کرتا ہوں اپنے بلند تر پرور دگار کی“
یہ ذکر ہم سجدے میں پڑھتے ہیں۔ جب بندہ اپنے رب کے سامنے سب سے زیادہ جھکتا ہے تو وہ اللہ کی بلندی کا اقرار کرتا ہے۔ یہ ہمیں عاجزی سکھاتا ہے اور یاد دلاتا ہے کہ اللہ کے فیصلے حکمت سے خالی نہیں، چاہے ہم ان کی حکمت کو نہ سمجھ سکیں۔
دل پر اثر: اللہ کے فضل سے عاجزی بڑھتی ہے، دل کو اطمینان ملتا ہے اور اللہ پر بھروسہ مضبوط ہوتا ہے۔
۳) يَا حَيُّ يَا قَيُّومُ بِرَحْمَتِكَ أَسْتَغِيثُ أَصْلِحْ لِي شَأْنِي كُلَّهُ وَلَا تَكِلْنِي إِلَى نَفْسِي طَرْفَةَ عَيْنٍ
معنی: ”اے زندہ! اے قائم رہنے والے! میں تیری رحمت کے ذریعے فریاد کرتا ہوں، میرے تمام معاملات کو درست فرما دے، اور مجھے ایک پل (آنکھ جھپکنے کے برابر) کے لیے بھی میرے نفس کے حوالے نہ کر۔“
(السنن الکبریٰ للنسائی؛ اہلِ علم نے اس دعا کو صحیح قرار دیا ہے۔)
ہم اکثر ہر مسئلہ خود حل کرنے اور ہر معاملہ اپنے قابو میں رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ دعا یاد دلاتی ہے کہ ہم ہر لمحہ اللہ کی مدد کے محتاج ہیں۔
دل پر اثر: اللہ پر بھروسہ بڑھتا ہے اور پریشانی میں دل کو سکون ملتا ہے۔
۴) حَسْبِيَ اللّٰهُ لَا إِلٰهَ إِلَّا هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ
معنی: ”میرے لیے اللہ تعالیٰ کافی ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں،میں نے اس پر بھروسہ کیا اور وہی عرش عظیم کا مالک ہے۔“
(ابن السنی، عمل الیوم واللیلۃ: 71؛ امام منذری نے اس کی سند کو صحیح قرار دیا ہے۔)
اس ذکر میں توحید اور توکل کی تعلیم ہے۔ ’’حَسْبِيَ اللّٰهُ‘‘ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارا اصل سہارا اللہ ہے۔ ’’عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ‘‘ کا مطلب ہے کہ ہم اپنی طرف سے جائز کوشش کرتے ہیں اور نتیجہ اللہ کے سپرد کرتے ہیں۔
عرشِ عظیم کے رب کا ذکر ہمیں اللہ کی بے پناہ قدرت یاد دلاتا ہے، جس کے سامنے دنیا کی تمام مشکلات محدود ہیں۔
دل پر اثر: اللہ کے فضل سے بے چینی کم ہوتی ہے اور اس پر بھروسہ مضبوط ہوتا ہے۔
قرآن دلوں کو کیسے بدلتا ہے؟
قرآن کی تلاوت اور اس کی آیات پر غور کرنا بھی اللہ کے ذکر کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ قرآن کبھی دل میں اللہ کی عظمت اور خشیت پیدا کرتا ہے اور کبھی اس کی رحمت کی امید دلا کر دل کو سکون بخشتا ہے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
قرآن انسان کو غفلت سے بیدار کرتا ہے اور اللہ کے فضل سے اس کے دل میں نرمی پیدا ہوتی ہے اور اسے سکون ملتا ہے۔
دل کا حقیقی سہارا
اسلام ہمیں یہ وعدہ نہیں کرتا کہ زندگی ہمیشہ آسان ہوگی یا کبھی کسی آزمائش کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ لیکن جس دل کو یہ یقین ہو کہ اس کا حقیقی سہارا اللہ ہے، وہ اس کی مدد سے مشکلات کا مقابلہ کر سکتا ہے۔
اللہ کے ذکر سے دل کو سکون اور روحانی قوت ملتی ہے۔ جب انسان اس سے غافل ہو جاتا ہے تو خوف، غم اور دنیا کی پریشانیاں اس پر غالب آ سکتی ہیں۔ لیکن جب وہ دوبارہ اپنے رب کی طرف متوجہ ہوتا ہے تو اللہ کے فضل سے اس کے دل کو اطمینان ملتا ہے اور وہ ثابت قدم رہنے کے قابل ہوتا ہے۔
حقیقی سکون کا مطلب یہ نہیں کہ زندگی میں کوئی آزمائش نہ آئے، بلکہ یہ ہے کہ آزمائشوں کے باوجود دل اللہ سے جڑا رہے۔
دعا
يَا مُقَلِّبَ الْقُلُوبِ ثَبِّتْ قَلْبِي عَلَى دِينِكَ
”اے دلوں کو پھیرنے والے! میرے دل کو اپنے دین پر ثابت رکھ۔“
(جامع الترمذی: 2140، صحیح)
غور و فکر کے لیے سوال
آج آپ اپنی زندگی میں کون سی چھوٹی سی تبدیلی لا سکتے ہیں جس سے اللہ کا ذکر آپ کی روزمرہ زندگی کا مستقل حصہ بن جائے؟