سائن ان کریں۔
سائن ان کریں۔
سائن ان کریں۔
زبان منتخب کریں۔
موضوعات پر واپس جائیں

قرآن کا تعارف

قرآن کا تعارف

قرآن کیا ہے؟

اس سوال کا عام جواب یہ ہے کہ قرآن ایک کتاب ہے، لیکن یہ عام کتابوں جیسی نہیں۔ اس کے الفاظ ہر انسان کے لیے حق اور ہدایت کا پیغام رکھتے ہیں۔ مسلمانوں کا ایمان ہے کہ یہ اللہ تعالیٰ کا کلام ہے، جو اس نے عربی زبان میں اپنے آخری نبی اور رسول حضرت محمد ﷺ پر نازل فرمایا۔

قرآن اپنے لیے کئی نام اور اوصاف بیان کرتا ہے، جن پر غور کرنے سے اس کی حقیقت کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ ان میں سے چند یہ ہیں:

قرآن اور کتاب: قرآن کے معنی ہیں پڑھا جانے والا کلام، اور کتاب سے مراد لکھی ہوئی تحریر ہے۔ یہ دونوں نام اس آسمانی کلام سے تعلق کے دو بنیادی طریقوں کو ظاہر کرتے ہیں: اس کی تلاوت سننا اور اسے تحریری صورت میں پڑھنا۔ اس ویب سائٹ پر آپ کو دونوں سہولتیں میسر ہیں۔

کلامُ اللہ، یعنی اللہ کا کلام: اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ الفاظ تمام جانداروں کے خالق و مالک کا براہِ راست پیغام ہیں۔ مسلمانوں کے لیے قرآن سب سے مستند اور حتمی ماخذ ہے، اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اس کی وضاحت اور تائید کرتی ہیں۔ قرآن عربی زبان میں نازل ہوا، لیکن اس کے معانی سمجھنے میں مدد کے لیے مختلف زبانوں میں اس کے بہت سے تراجم بھی موجود ہیں۔

ذکر اور ہدایت: قرآن اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط کرنے اور اس کی یاد کو اپنے دل اور زبان پر زندہ رکھنے کا ذریعہ ہے۔ یہ ہماری انفرادی زندگی کے ساتھ ساتھ اجتماعی اور معاشرتی زندگی کے لیے بھی بنیادی رہنما ہے۔

قرآن اللہ تعالیٰ کا آخری نازل کردہ پیغام ہے، جو پہلے نازل ہونے والی آسمانی کتابوں کے پیغام کی تکمیل کرتا ہے۔ اسی طرح حضرت محمد ﷺ نے بھی وہی بنیادی پیغام دیا جو آپ سے پہلے حضرت آدم، حضرت نوح، حضرت موسیٰ، حضرت ابراہیم اور حضرت عیسیٰ علیہم السلام سمیت دوسرے انبیاء دیتے آئے تھے۔ قرآن ان باتوں کو واضح کرتا ہے جن کا جاننا قیامت تک انسانوں کے لیے ضروری ہے۔ یہ ضائع ہونے اور تحریف سے محفوظ رہے گا، جب کہ پچھلی آسمانی کتابیں مختلف صورتوں میں ان سے متاثر ہوئی تھیں۔

كتاب انزلناه اليك مبارك ليدبروا اياته وليتذكر اولو الالباب ٢٩
كِتَـٰبٌ أَنزَلْنَـٰهُ إِلَيْكَ مُبَـٰرَكٌۭ لِّيَدَّبَّرُوٓاْ ءَايَـٰتِهِۦ وَلِيَتَذَكَّرَ أُوْلُواْ ٱلْأَلْبَـٰبِ ٢٩

كِتٰبٌ اَنْزَلْنٰهُ اِلَیْكَ مُبٰرَكٌ لِّیَدَّبَّرُوْۤا اٰیٰتِهٖ وَلِیَتَذَكَّرَ اُولُوا الْاَلْبَابِ ۟ 

یہ ایک بڑی برکت والی کتاب ہے جو (اے محمدؐ)ہم نے تمہاری طرف نازل کی ہے تاکہ یہ لوگ اس کی آیات پر غور کریں اور عقل و فکر رکھنے والے اس سے سبق لیں
–سورہ ص [38:29]

ہم Quran.com پر آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں اور دعوت دیتے ہیں کہ کھلے دل سے قرآن پڑھیں اور سنیں، اس کی آیات پر گہرائی سے غور کریں اور خلوصِ دل سے اس میں موجود علم کو حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ مزید سیکھنے کے لیے ہماری ویب سائٹ پر دستیاب وسائل سے بھی فائدہ اٹھائیں۔ ہمیں امید ہے کہ Quran.com آپ کے لیے مفید ثابت ہوگا، اور ہماری دعا ہے کہ قرآن کا پیغام آپ کی زندگی کے سفر کو بامقصد اور بابرکت بنائے۔

قرآن کے اہم موضوعات کون سے ہیں؟

قرآن میں بہت سے موضوعات اور مضامین بیان ہوئے ہیں۔ ان میں چند اہم موضوعات یہ ہیں:

اللہ تعالیٰ کی وحدانیت

اللہ تعالیٰ کی عبادت اور اطاعت کی اہمیت

آخرت اور روزِ قیامت کی حقیقت

نیکی اور اچھے اخلاق کے ساتھ زندگی گزارنے کے لیے ہدایت اور حکمت

کائنات اور تمام جانداروں کی تخلیق

انسانوں کی رہنمائی میں انبیاء اور وحی کا کردار

اچھے اور برے اعمال کے نتائج

معاشرتی عدل و انصاف کی اہمیت

یہ موضوعات پورے قرآن میں ایک دوسرے سے مربوط ہیں اور اہلِ ایمان کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے مطابق زندگی گزارنے کی رہنمائی دیتے ہیں۔

ہم کیسے جان سکتے ہیں کہ قرآن اللہ کا سچا اور محفوظ کلام ہے؟

قرآن اندھی تقلید کا مطالبہ نہیں کرتا، بلکہ تمام انسانوں کو مطالعے، غور و فکر اور دلائل پر توجہ دینے کی دعوت دیتا ہے۔ چند اہم پہلو ایسے ہیں جن کی بنیاد پر مسلمان قرآن کو اللہ تعالیٰ کا نازل کردہ سچا اور مستند کلام مانتے ہیں:

تاریخی شواہد: تاریخی آثار اور حفظ و تلاوت کی مسلسل روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ قرآن نبی کریم ﷺ کے زمانے سے زبانی اور تحریری، دونوں صورتوں میں منتقل ہوتا آیا ہے۔

آپ ﷺ نے چالیس برس کی عمر میں، تقریباً 610 عیسوی میں، بتایا کہ ایک اللہ کے بھیجے ہوئے فرشتے کے ذریعے آپ پر یہ کلام نازل ہو رہا ہے۔ اس پیغام کی تعلیمات اور آپ ﷺ کے بلند کردار، دیانت اور سچائی سے متاثر ہو کر ابتدا میں جزیرہ نمائے عرب میں اہلِ ایمان کی ایک جماعت وجود میں آئی، جس نے بعد میں قرآن کا پیغام دنیا بھر میں پہنچایا۔

تعلیمات: قرآن نے اپنے نزول کے وقت عربوں کی زندگیوں میں بڑی تبدیلی پیدا کی، اور آج بھی اس کی تعلیمات پر عمل کرنے والے افراد اور معاشروں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا رہا ہے۔

نبی کریم ﷺ کے عملی نمونے اور آپ کی وضاحتوں کے ساتھ قرآن کا پیغام خود اس بات کی سب سے مضبوط دلیل ہے کہ یہ اس خالق کی طرف سے ہے جو اپنی مخلوق کی بھلائی کو سب سے بہتر جانتا ہے۔

اعجاز: قرآن اعلان کرتا ہے کہ اس جیسا کلام پیش نہیں کیا جا سکتا۔ ابتدا میں اس کے پیغام کی مخالفت کرنے والے فصیح و بلیغ عرب بھی اس جیسا کلام لانے کے چیلنج کا جواب نہ دے سکے۔

اسے قرآن کا ادبی اعجاز کہا جاتا ہے، یعنی فصاحت و بلاغت کا ایسا بلند معیار جو انسانی صلاحیت سے بالاتر ہے۔ تاہم قرآن کے منفرد اور معجزانہ ہونے کے اور بھی بہت سے پہلو ہیں، اور انسانی علم میں اضافے کے ساتھ ان کے مزید پہلو سامنے آتے رہتے ہیں۔

کیا قرآن کا ترجمہ کیا جا سکتا ہے؟

دنیا بھر میں مسلمانوں کی ایک بڑی اور متنوع آبادی ہے۔ یہ تنوع اسلام کی وسعت اور مختلف ثقافتی ماحول میں اس کی تعلیمات پر عمل کرنے کی گنجائش کو ظاہر کرتا ہے۔

مسلمان مختلف نسلوں، ثقافتوں اور زبانوں سے تعلق رکھتے ہیں اور دنیا کے ہر براعظم میں آباد ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً دو ارب مسلمان ہیں۔

مسلمانوں کی اکثریت ایشیا میں رہتی ہے۔ انڈونیشیا میں مسلمانوں کی سب سے بڑی آبادی ہے، جس کے بعد پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش آتے ہیں۔ افریقہ، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور شمالی امریکا میں بھی مسلمان بڑی تعداد میں آباد ہیں۔

قرآن کا ترجمہ سو سے زیادہ زبانوں میں ہو چکا ہے۔ ہر ترجمہ اصل عربی متن کے معانی کو دوسری زبان میں بیان کرنے کی ایک کوشش ہے۔

یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ قرآن اللہ تعالیٰ کا مقدس کلام ہے، جس کے اصل متن میں تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔ ترجمے کا مقصد اس کے عربی الفاظ کے معانی کو زیادہ سے زیادہ درست انداز میں دوسری زبان میں منتقل کرنا ہے۔ تاہم بعض آیات کے مفہوم کو سمجھنے اور بیان کرنے میں مترجمین کے درمیان اختلاف ہو سکتا ہے۔

میں نے پہلے کبھی قرآن نہیں پڑھا۔ مجھے کہاں سے آغاز کرنا چاہیے؟

قرآن کا مطالعہ کھلے ذہن اور سیکھنے کی خواہش کے ساتھ کریں۔ کوشش کریں کہ پہلے سے قائم تصورات اور تعصبات کو ایک طرف رکھ کر اس کے پیغام کو سمجھیں۔

آغاز کہاں سے کریں؟

قرآن کی پہلی سورت، سورۃ الفاتحہ، قرآن سے اپنے تعلق کے سفر کا آغاز کرنے کے لیے ایک موزوں انتخاب ہے۔

سورۃ الفاتحہ قرآن کی پہلی سورت ہے اور مسلمانوں میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی سورت بھی ہے۔ "الفاتحہ" کے معنی آغاز کرنے والی سورت کے ہیں۔ قرآن میں اس کی بنیادی اہمیت کی وجہ سے اسے "اُمّ الکتاب" بھی کہا جاتا ہے، یعنی کتاب کی اصل اور بنیاد۔

اس سورت کی سات آیات ہیں اور پانچ وقت کی نمازوں میں روزانہ کئی بار اس کی تلاوت کی جاتی ہے۔ اس کا آغاز "بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ" سے ہوتا ہے، یعنی "اللہ کے نام سے، جو نہایت مہربان، بے حد رحم فرمانے والا ہے"۔ کسی بھی کام کے آغاز میں اللہ تعالیٰ کی برکت حاصل کرنے کے لیے بسم اللہ پڑھی جاتی ہے۔

مضمون کے لحاظ سے اس سورت کے دو حصے ہیں۔ پہلے حصے میں اللہ تعالیٰ کی عظمت، قدرت اور رحمت کا اقرار اور اس کی حمد و ثنا ہے۔ دوسرے حصے میں بندہ اللہ تعالیٰ سے ہدایت، مدد اور گمراہی سے حفاظت کی دعا کرتا ہے۔

سورۃ الفاتحہ نماز کا بنیادی حصہ ہے۔ دنیا بھر میں بچے اور نئے مسلمان قرآن کا جو حصہ سب سے پہلے یاد کرتے ہیں، وہ اکثر یہی سورت ہوتی ہے۔

کیا مجھے قرآن شروع سے آخر تک ترتیب سے پڑھنا چاہیے؟ قرآن ایک مقررہ ترتیب میں مرتب ہے، لیکن مطالعے کے لیے ہر بار اسی ترتیب کی پابندی ضروری نہیں۔ خود قرآن بھی اپنی سورتوں کے مطالعے کے لیے کوئی مخصوص ترتیب لازم نہیں کرتا۔

قرآن کی بہت سی آیات اپنے اندر ایک مکمل پیغام رکھتی ہیں اور بذاتِ خود ہدایت اور حکمت فراہم کرتی ہیں۔ ان کا بنیادی پیغام سمجھنے کے لیے ہر صورت میں پچھلی یا اگلی آیات کا پڑھا ہونا ضروری نہیں ہوتا۔ قرآن ہدایت کی کتاب ہے، اور اس کی ہر آیت یا سورت میں ایسی بصیرت اور حکمت ملتی ہے جس سے زندگی کے مختلف پہلوؤں میں رہنمائی لی جا سکتی ہے۔

قرآن کی سورتیں اور آیات تئیس برس کے عرصے میں نازل ہوئیں۔ اس دوران نبی کریم ﷺ ہر نازل ہونے والی وحی اپنے پیروکاروں کو پڑھ کر سناتے اور ان تک پہنچاتے رہے۔ اس لیے آیات کی ترتیبِ نزول لازماً ان کی موضوعاتی ترتیب کو ظاہر نہیں کرتی، نہ ہی ان کا مفہوم سمجھنے کے لیے صرف ترتیبِ نزول کافی ہے۔

چنانچہ آپ اپنی دلچسپی، ضرورت یا حالات کے مطابق قرآن کے کسی بھی حصے سے مطالعہ شروع کر سکتے ہیں۔ مثلاً کسی سورت کو اس کے حوصلہ افزا اور تسلی بخش پیغام کی وجہ سے پڑھا جا سکتا ہے، اور کسی دوسری سورت کو کسی خاص معاملے میں عملی رہنمائی حاصل کرنے کے لیے۔ آپ جس ترتیب سے بھی پڑھیں، اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ کھلے ذہن سے قرآن کی طرف رجوع کریں اور اس کی آیات سے ہدایت اور حکمت حاصل کرنا چاہیں۔

قرآن کو پڑھنے اور سمجھنے کے سفر میں Quran.com میری کیسے مدد کر سکتا ہے؟

Quran.com ایک جامع آن لائن پلیٹ فارم ہے، جہاں قرآن کو پڑھنے، سمجھنے اور اس سے تعلق مضبوط کرنے کے لیے مختلف سہولتیں دستیاب ہیں۔

اس ویب سائٹ کی اہم سہولتوں میں مختلف زبانوں میں قرآن کے تراجم کا مجموعہ شامل ہے۔ اس کی مدد سے آپ اس زبان میں قرآن کا مفہوم پڑھ اور سمجھ سکتے ہیں جس سے آپ سب سے زیادہ مانوس ہیں۔ یہاں تفاسیر بھی دستیاب ہیں، جن میں اہلِ علم نے قرآنی آیات کی تشریح اور وضاحت کی ہے۔ ان سے آیات کے معانی اور سیاق و سباق کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

Quran.com پر"تدبرات" (Reflections) کا حصہ بھی موجود ہے، جہاں قارئین قرآن کے پیغام کو اپنی زندگی سے جوڑ کر اس پر غور کر سکتے ہیں۔ اس حصے میں آیات سے متعلق بصیرت افروز اور فکر انگیز تحریریں پیش کی جاتی ہیں، جو قرآنی تعلیمات اور آج کے مسائل سے ان کے تعلق کو زیادہ گہرائی سے سمجھنے میں مدد دیتی ہیں۔

جو لوگ قرآن کی تلاوت سننا چاہتے ہیں، ان کے لیے Quran.com پر دنیا بھر کے معروف قرّاء کی تلاوتوں کا وسیع ذخیرہ موجود ہے۔ قرآن حفظ کرنے والوں کے لیے آیات کو بار بار سننے کی مختلف سہولتیں بھی دی گئی ہیں، تاکہ وہ منتخب آیات کو آسانی سے دہرا سکیں اور ان کی مشق کر سکیں۔

قرآنی متن کو سمجھنے میں مزید مدد کے لیے Quran.com پر لفظ بہ لفظ ترجمہ اور ہر لفظ کا تلفظ سننے کی سہولت بھی موجود ہے۔ قرآن کے کسی بھی لفظ پر کرسر لے جانے سے اس کا ترجمہ سامنے آ جاتا ہے۔ یہ سہولت خاص طور پر عربی سیکھنے والوں کے لیے مفید ہے۔

اس کے علاوہ Quran.com پر قرآن ریڈیو بھی دستیاب ہے، جہاں قرآن کی تلاوت مسلسل نشر ہوتی رہتی ہے اور آپ کسی بھی وقت اسے سن سکتے ہیں۔

ہمیں امید ہے کہ قرآن کے مطالعے اور فہم کے سفر میں یہ سہولتیں آپ کے لیے مفید ثابت ہوں گی۔ ہم صارفین کی آرا کو سامنے رکھتے ہوئے اس پلیٹ فارم کو مسلسل بہتر بنانے اور نئی سہولتیں شامل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاکہ سیکھنے کا تجربہ مزید آسان اور مؤثر ہو۔ قرآن کو سیکھنے اور اس سے تعلق مضبوط کرنے کے خواہش مند افراد کی مدد کے لیے ہم مسلسل نئے طریقوں پر تحقیق اور غور کرتے رہتے ہیں۔

قرآن سے جڑے رہیں ❤️

قرآن سے ربط تازہ کرنے، غور کرنے اور اس سے جڑے رہنے کے لیے مختصر معنی خیز یاددہانی۔

قرآن کو پڑھیں، سنیں، تلاش کریں، اور اس پر تدبر کریں۔

Quran.com ایک قابلِ اعتماد پلیٹ فارم ہے جسے دنیا بھر کے لاکھوں لوگ قرآن کو متعدد زبانوں میں پڑھنے، سرچ کرنے، سننے اور اس پر تدبر کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ یہ ترجمے، تفسیر، تلاوت، لفظ بہ لفظ ترجمہ اور گہرے مطالعے کے ٹولز فراہم کرتا ہے، جس سے قرآن سب کے لیے قابلِ رسائی بنتا ہے۔

صدقۂ جاریہ کے طور پر، Quran.com لوگوں کو قرآن کے ساتھ گہرا تعلق قائم کرنے میں مدد کے لیے وقف ہے۔ Quran Foundation کے تعاون سے، جو ایک 501(c)(3) غیر منافع بخش تنظیم ہے، Quran.com سب کے لیے ایک مفت اور قیمتی وسیلہ کے طور پر بڑھتا جا رہا ہے، الحمد للہ۔

نیویگیٹ کریں۔
ہوم
قرآن ریڈیو
قراء
ہمارے بارے میں
ڈویلپرز
پروڈکٹ اپڈیٹس
رائے
مدد
عطیہ کریں۔
ہمارے پروجیکٹس
Quran.com
Quran For Android
Quran iOS
QuranReflect.com
Quran Space
Quran.ai
Quran Audio
Sunnah.com
Nuqayah.com
Legacy.Quran.com
Corpus.Quran.com
غیر منافع بخش منصوبے جو Quran Foundation کی ملکیت، زیرِ انتظام یا زیرِ سرپرستی ہیں۔
مشہور لنکس
قرآن سے دعائیں
دن کی قرآنی آیت
آیت الکرسی
سورہ یسین
سورہ الملک
سورہ الرحمان
سورہ الواقعة
سورہ الكهف
سورہ المزمل
سائٹ کا نقشہرازداریشرائط و ضوابط
© 2026 Quran.com. جملہ حقوق محفوظ ہیں
تعاون کریں۔