ولسوف یرضیٰ (21:92) ” اور ضرور وہ خوش ہوگا “۔ اس متقی کے کاسہ دل کو رضا سے بھر دیا جائے گا ، اس کی روح رضا سے بھر جائے گی ، اس کے تمام اعضاء راضی برضا ہوجائیں گے ، اس کے وجود کے روئیں روئیں میں رضامندی سرایت کرجائے گی اور اس کی پوری زندگی تروتازہ ہوجائے گی۔ کیا ہی خوب جزاء ہے اور کیا ہی خوب اور عظیم نعمت ہے یہ !
ولسوف یرضی (21:92) ” اور ضرور وہ خوش ہوگا “۔ اپنے دین پر خوش ہوگا ، اپنے رب سے راضی ہوگا ، اپنی تقدیر پر راضی ہوگا ، اپنے نصیبے پر راضی ہوگا۔ خوشی اور غم دونوں پر راضی ہوگا ، مالداری اور ناداری دونوں پر راضی ہوگا ، آسانی اور مشکل دونوں پر راضی ہوگا۔ نرمی اور سختی دونوں پر راضی ہوگا ، وہ قلق و اضطراب سے دور ہوگا۔ تنگدستی ، جلدبازی ، بوجھل پن اور مایوسی سے دور ہوگا۔ غرض یہ رضامندی وہ انعام ہوگا جس سے بڑا انعام اور کوئی نہ ہے اور نہ ہوگا۔ یہ ایسا انعام ہے جس کے لئے کوئی مال اور جان دونوں خرچ کرسکتا ہے۔ جو اپنے مال کو خرچ کرتا ہے تاکہ اس کا رب اس سے راضی ہو۔
یہ وہ انعام ہے جو اللہ ہی دے سکتا ہے اور یہ جزاء ان دلوں میں بھردی جاتی ہے جو خالص اللہ کے ہوجاتے ہیں ، جن کو اللہ کے سوا کچھ نظر ہی نہیں آتا۔
ولسوف یرضیٰ (21:92) اور وہ عنقریب راضی ہوگا “۔ وہ راضی ہوگا ، خوش ہوگا اس نے معمولی قیمت دے دی اور اس کے بدلے اسے بہت کچھ دے دیا گیا۔
غرض اس مقام پر یہ اچانک خوشخبری ہے ، البتہ ان لوگوں کے دلوں میں اس کی توقع ضرور ہے جو اپنے مال کو پاک کرنے کے لئے خرچ کرتے ہیں ، ایسی صورت میں خرچ کرتے ہیں کہ کسی کا ان کے اوپر کوئی احسان نہیں ہے ، پھر بھی خرچ کرتے ہیں۔ محض رضائے ربانی کے لئے خرچ کرتے ہیں ، تو ” ایسا شخص لازماً خوش ہوگا “۔ ولسوف یرضی (21:92) ۔