undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
undefined
3

الَّذِي جَعَلَ لَكُمُ الأرْضَ فِرَاشًا وَالسَّمَاءَ بِنَاءً وَأَنْزَلَ مِنَ السَّمَاءِ مَاءً فَأَخْرَجَ بِهِ مِنَ الثَّمَرَاتِ رِزْقًا لَكُمْ فَلا تَجْعَلُوا لِلَّهِ أَنْدَادًا وَأَنْتُمْ تَعْلَمُونَ

” وہی تو ہے جس نے تمہارے لئے زمین کا فرش بچھایا ، آسمان کی چھت بنائی ، اوپر سے پانی برسایا اور اس کے ذریعے سے ہر طرح کی پیداوار نکال کر تمہارے لئے رزق بہم پہنچایا۔ “ زمین ایک تخت کی طرح بچھی ہوئی ہے ۔ اس کی فضاؤں کا نظام قانون قدرت میں بندھا ہوا ہے اس کے ذریعہ آبپاشی کا ایسا انتظام کیا گیا ہے کہ روئے زمین پر لوگوں کی ضروریات کی فراہمی کے لئے ہر قسم کی پیداوار کا بندوبست کردیا گیا ہے ۔ یہ سب کچھ کس کے لئے ؟ حضرت انسان کے لئے ۔ اور یہ سب اس کائنات کے خالق وحدہ لاشریک کا کمال ہے۔

فَلا تَجْعَلُوا لِلَّهِ أَنْدَادًا وَأَنْتُمْ تَعْلَمُونَ ” پس جب تم یہ جانتے ہو تو دوسروں کو اللہ کا مدمقابل نہ ٹھہراؤ۔ “ تم اچھی طرح جانتے ہو کہ اس نے تمہیں پیدا کیا ۔ تم سے قبل جو لوگ ہو گزرے ہیں ان سب کو پیدا کیا ۔ تم جانتے ہو کہ اسی نے تمہارے لئے زمین کو فرش بنایا اور آسمان کو چھت بنایا ۔ آسمان سے پانی اتارا اور اس پورے کام میں اس کا کوئی مددگار نہ تھا جو اس کام میں اس کا ہاتھ بٹاتا۔ نہ کوئی مدمقابل تھا جو اس کی کسی بات کی مخالفت کرتا ۔ لہٰذا اس علم کے بعد بھی اس کے ساتھ کسی کو شریک کرنا نہایت ہی نامناسب طرز عمل ہے ۔

عقیدہ توحید کو صاف و شفاف طریقے سے ذہنوں میں بٹھانے کے لئے قرآن کریم ، اللہ تعالیٰ کے جن شریکوں کی بار بار نفی اور تردید کرتا ہے ، وہ ہمیشہ صرف اسی معروف صورت میں نہیں ہوتے کہ کچھ بت یا اشخاص ہوں جنہیں اللہ کا شریک بناکر ان کی پوجا کی جائے بلکہ کبھی وہ اس کے علاوہ دوسری خفی صورتوں میں بھی ہوتے ہیں ۔ مثلاً اللہ تعالیٰ کے سوا کسی سے کسی قسم کی امید رکھنا اللہ کے سوا کسی سے کسی قسم کا خوف اپنے دل میں رکھنا بھی شرک ہوتا ہے۔ نیز یہ اعتقاد رکھنا بھی شرک ہے کہ اللہ کے سوا کوئی اور بھی نفع ونقصان پہنچاسکتا ہے ۔ حضرت ابن عباس ؓ فرماتے ہیں انداد شرک ہے اور یہ اس قدر خفی ہوتی ہے جس طرح اندھیری رات میں سیاہ پتھر پر چیونٹی کا آہستہ آہستہ چلنا پوشیدہ ہوتا ہے اور اس کی کئی صورتیں ہیں مثلاً کوئی کہے کہ ” اے فلاں خدا کی قسم ، میری جان کی قسم ، تیری جان کی قسم ۔ “ یا کوئی کہے ” اگر گئی رات کتیا نہ ہوتی تو چور ہمیں لوٹ لیتے ، “ یا کوئی کہے ” اگر گھر میں بطخ نہ ہوتی تو چور آجاتے ۔ “ یا کوئی اپنے دوست سے کہے جو اللہ چاہے اور جو آپ چاہیں ۔ یا کسی کا یہ کہنا کہ ” اگر اللہ اور فلاں نہ ہوتے تو “ غرض یہ سب اقوال شرک ہیں ۔ نیز حدیث شریف میں آتا ہے کہ کسی شخص نے رسول اللہ ﷺ سے کہا ” جو اللہ چاہے اور جو آپ چاہیں ۔ “ تو آپ ﷺ نے فرمایا ” کیا تم مجھے اللہ کا شریک بنانا چاہتے ہو۔ “

یہ تھا سلف صالحین کا نقطہ نظر شرک خفی اور اللہ کے شریکوں کے بارے میں ہمیں چاہئے کہ ہم ذرا گریبان میں سر ڈال کر اپنے حال پر غور کریں ۔ کہاں سلف کا شرک کے بارے میں یہ شدیداحساس اور کہاں ہم ؟ کس قدر دور ہوگئے ہیں ہم عقیدہ توحید کی اس عظیم الشان سچائی سے ؟