اب یہ سات خشک سال ختم ہوں گے ، تمہارا سابقہ محفوظ غلہ بھی ختم ہوگا اور اب سرسبزی اور شادابی کا دور لوٹ آئے گا۔ بارشیں ہوں گی ، پانی اور فصل زیادہ ہوں گے ، انگوروں کی فصل بکثرت ہوگی اور لوگ ان کا جوس نکالیں گے شراب بنائیں گے۔ اسی طرح تل اور زیتون اور دوسرے مغزیات ہوں گے۔ یہاں یہ بات پیش نظر رہے کہ سات سالہ خشک سالی کے بعد خوشحالی کے اس دور کی طرف بادشاہ کے خواب میں کوئی اشارہ نہیں ہے۔ یہ حضرت یوسف (علیہ السلام) اپنے لدنی اور نبوتی علم کے بل بوتے پر کہہ رہے ہیں ، اس طرح حضرت یوسف نے اس شاہی فرستادے کو خوشخبری دی کہ سات سالہ مشکل دور کے بعد وسیع پیمانے پر خوشحالی کا دور آئے گا تاکہ وہ بادشاہ کو اس کی اطلاع دے۔