ویدخلھم الجنۃ عرفھا لھم (48 : 6) “ وہ ان کو اس جنت میں داخل کر دے گا جس سے وہ ان کو واقف کرچکا ہے ”۔ احادیث میں شہداء کے بارے میں آتا ہے کہ ان کو جنت میں ان کی جائے قیام دکھائی جاتی ہے۔ امام احمد نے روایت فرمائی ہے ، زید ابن نمرد مشفی سے انہوں نے ابو ثوبان سے ، انہوں نے اپنے والد ثوبان سے انہوں نے مکحو سے انہوں نے کثیر ابن مرہ سے انہوں نے قیس جذامی اور انہوں نے ایک ایسے شخص سے جسے نبی ﷺ سے محبت حاصل تھی وہ فرماتے ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا : شہید کا خون کا پہلا قطرہ گرتے ہی اسے چھ درجات حاصل ہوجاتے ہیں ، اس کے تمام گناہ معاف ہوجاتے ہیں ، وہ دیکھ لیتا ہے کہ جنت میں اس کی جائے قیام کیا ہے ، خوبصورت آنکھوں والی حوریں اس کے نکاح میں دے دی جاتی ہیں۔ وہ قیامت کے عظیم خوف سے محفوظ ہوگا۔ عذاب قبر سے مامون ہوگا۔ اور اسے ایمان کا جامہ پہنایا جائے گا۔ یہ حدیث صرف امام احمد نے نقل کی ہے۔
ایک دوسری حدیث اسی مفہوم کی بھی مروی ہے۔ اس میں بھی تصریح ہے کہ شہید اپنی جائے قیام کو پہلے ہی دیکھ لے گا (ترمذی) ۔ یہ ہے اہل جنت کے لئے ان کی جائے قیام کی معرفت اور یہی ان کے لئے رہنمائی ہے اور یہی ان کا اصلاح حال ہے۔ اس جہاں کو چھوڑ کر وہ نہایت ہی بلند زندگی گزارتے ہیں۔